شملہ یکم نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) کانگریس نے ہماچل پردیش اسمبلی کے انتخابات کے لئے اپنا نیا ایک منشور جاری کیا ہے۔ اپنے اس منشور میں کانگریس نے کئے وعدے کیے ہیں ۔ منشور میں کانگریس نے خصوصی توجہ طالب علموں پر دی ہے۔ انہیں لیپ ٹاپ کے ساتھ مہینے میں 1GBانٹرنیٹ ڈیٹا مفت دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ کانگریس نے جہاں 50 ہزارانٹر میڈیٹ کے طالب علموں کو 1GBڈیٹا کے ساتھ مفت لیپ ٹاپ دینے کی بات کہی ہے وہیں کسانوں کو بھی ذہن میں رکھا ہے اور سود کے بغیر ایک لاکھ روپے تک کا قرض دینے کا وعدہ بھی کیا ہے۔ انتخابی منشور میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جنگلی جانوروں سے زراعت کی حفاظت کے لئے مضبوط لائحہ عمل مرتب کرکے اس فورا نافذکیاجائے گا۔ ضعیف العمری پنشن بھی بڑھایا جائے گا ، خواتین کے لئے شہروں میں نئے ہاسٹل بھی کھولے جائیں گے۔ اس کے علاوہ دلت طبقہ کے طالب علموں کی اعلی تعلیم کا بھی خصوصی انتظام کیا جائے گا۔ وہیں، بیواؤں کی بیٹی کی شادی کے لئے 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے بطور عطیہ دیئے جائیں گے۔مینی فیسٹو کمیٹی کے صدر کول سنگھ ٹھاکر نے انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت نے گزشتہ وعدوں میں سے 95 فیصدی وعدے ایفا کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا ہے کہ وقت اور ماحول کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی بہبود کیلئے ٹھوس لائحہ عمل مرتب کئے جائیں گے۔کول سنگھ نے کہا کہ ہماری حکومت میں بدعنوانی کو قطعی برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ افسران و حکام کی سخت نگرانی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پانچ برسوں میں ریاست کے ہر گاؤں سڑک پر جوڑے جائیں گے۔ منریگا کے مزدوروں کی اجرت اپنے وسائل کے تحت 350روپے یومیہ مقرر کی جائے گی۔ اس کے علاوہ کئی اہم مسائل کے تصفیہ اور مثبت لائحہ عمل کی تجویز بھی انتخابی منشور میں درج ہے۔